چرچ کےقریب لاوارث بیگ میں رکھا بم ناکارہ بناتے ہوئے مصری پولیس افسر ہلاک
قاہرہ(جاگ مسیحی نیوز ۔ 06 جنوری2019ء) دھماکا خیز مواد ناکارہ بنانے والا مصری پولیس افسر قاہرہ کے ایک چرچ کے قریب بم ناکارہ بناتے ہوئے دھماکا خیز مواد پھٹنے سے ہلاک ہو گیا۔
عرب ٹی وی کے مطابق نصر شہر کے ایک چرچ کے قریب لاوارث بیگ کی اطلاع ملنے پر دھماکا خیز مواد ناکارہ بنانے والے سکواڈ کو طلب کیا گیا، جس میں شامل اہلکاروں نے بیگ میں نصب بم کو ناکارہ بنانے کی کوشش کی، لیکن دھماکا خیز مواد اس دوران زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔
انھوں نے بتایا کہ جس چرچ کے باہر لاوارث بیگ میں دھماکا خیز مواد رکھا گیا تھا وہ نصر شہر میں واقع متعدد گرجا گھروں کی نسبت ایک چھوٹا چرچ تھا۔ سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ دھماکا خیز مواد ناکارہ بنانے کی کوشش کے دروان ہونے والے دھماکے میں ایک راہ گیر اور دو پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
آخری اطلاعات آنے تک کسی تنطیم یا گروپ نے بم دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ دھماکہ مصر میں مسیحیوں کے کرسمس تہوار کے چوبیس گھنٹے پہلے ہوا۔ قبطی مسیحی مصر میں موجود مسیحیوں کی ایک بڑی اکثریت ہیں۔ جو جولیئن کیلنڈر کے مطابق ہر سال 7جنوری کو کرسمس کا تہوار مناتے ہیں۔ مصری آبادی میں مسیحی کمیونٹی کا تناسب دس فیصد ہے۔