نیدر لینڈ کے ایک آدمی جان ہیوبرز نے حضرت نوح نبی کی کشتی کی کاپی بنالی ⬅ایمسٹرڈیم(جاگ مسیحی نیوز 27 نومبر 2018) ماہرین عرصہ دراز سے حضرت نوح نبی کی کشتی کی تلاش کر رہے ہیں جس میں تاحال کامیابی نہیں مل سکی ۔
تاہم اب نیدرلینڈز میں ایک شخص نے حضرت نوح نبی کی کشتی کی نقل تیار کر لی ہے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق یہ کشتی کاروباری شخص جان ہیوبرز نے تیار کروائی ہے جو ہوبہو حضرت نوح نبی کی کشتی کی نقل ہے، جس کا نیدرلینڈز کے دریائے ماس میں تجرباتی سفر بھی کر لیا گیا ہے۔ اب جان ہیوبرز اس کشتی پر اسرائیل کا سفر کرنا چاہتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بائبل مقدس میں نوح نبی کی کشتی کے متعلق جو تفصیلات بیان کی گئی ہیں یہ کشتی ان کے عین مطابق تیار کی گئی ہے۔ یہ 390فٹ لمبی اور 75فٹ بلند ہے اور اس میں 12ہزار اقسام کے پودے رکھے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ اس میں بے شمار جانوروں کے جوڑے بھی رکھے گئے ہیں۔ اس کشتی کی تیاری پر پانچ سال کا عرصہ لگا۔جان ہیوبرز کا کہنا ہے کہ ”اس کشتی کی منزل کے طور پر میری اولین ترجیح اسرائیل ہے۔ اب یہ کشتی اسرائیل کے سفر کے لیے پوری طرح تیار ہے اور جلد میں اس سفر پر روانہ ہو جاﺅں گا۔“