مسیحی لوگ سال نو کو " امن اور امید " کے سال کے طور پر منائیں گے ۔ آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد 

تمام گرجاگھروں میں یکم جنوری 2019کو ’’ امن اور امید ‘‘کے نئے سال کی خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی -  

راولپنڈی: ( جاگ مسیحی نیوز ۔ 30 دسمبر2018ء) آرچ بشپ اسلام آباد / راولپنڈی ڈاکٹر جوزف ارشد نے کہا ہے کہ مسیحی لوگ سال نو کو ’’امن اور امید ‘‘ کے سال کے طور پر منائیں گے، تمام گرجاگھروں میں یکم جنوری 2019کو ’’ امن اور امید ‘‘کے نئے سال کی خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی ۔

ایک بیا ن میں آرچ بشپ اسلام آباد / راولپنڈی ڈاکٹر جوزف ارشد کا کہنا ہے کہ اگر ہم موجودہ دور کا جائزہ لیں تو پوری دُنیا اِس وقت افراتفری ،بے چینی اور کشمش کا شکار ہے ۔ ہر طرف جنگ و جدل ،لڑائی جھگڑا ، اقتدار اور طاقت کو پانے کی ہوس ہے۔ بے روز گاری اورمہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ دُنیا کی بیشتر ریاستیں معاشی بحران کا بدترین سامنا کر رہی ہیں۔ طاقتور طبقہ عام انسانوں کے حقوق پامال کر رہا ہے۔

ایسے حالات میں صرف اًمن اور اُمید ہی وہ راستہ ہے جس پر چل کر ہم متحد ہو سکتے ہیں اور ایک کامیاب اور خوشحال زندگی گزار سکتے ہیں۔

اس تناظر میں اسلام آباد / راولپنڈی ڈائیوسس میں سال 2019 کو ’’ اًمن اور اُمید ‘‘ کے سال کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے کہا کہ جڑواں شہروں کی مسیحی لوگ سال 2019 کو بھر پور طریقے سے اپنی ڈائیوسس میں ’’ اًمن اور اُمید ‘‘ کا سال منائیں گے اور اپنے کردار و عمل سے امن اور امید کے دیپ روشن کرکے بھائی چارے کی فضاء کو فروغ دیں گے ۔ 

اُنہوں نے کہ ہم سب محنت اور لگن سے نئے سال کو حقیقی معنوں میں ’’ اًمن اور اُمید‘‘ کا سال بنائیں گے۔ آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے تمام گرجا گھروں کے فادرز صاحبان اورمسیحی اداروں کے سربراہان سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے گرجاگھروں اور مسیحی اداروں میں یکم جنوری 2019کو ’’ اًمن اور اُمید ‘‘ کے سال کی ابتدا کریں اور وطن عزیز کی ترقی ،خوشحالی کی خصوصی دعائیں کریں ۔اس کے علاوہ سارا سال مختلف پروگراموں اور سرگرمیوں کے ذریعے اًمن اور اُمید کے موضوع کو مرکز و محور بنائیں ۔

Comments
* The email will not be published on the website.
I BUILT MY SITE FOR FREE USING