ابوظہبی (جاگ مسیحی نیوز 4 فروری 2019) کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے یمن ، شام سمیت مشرق وسطیٰ میں جاری خانہ جنگی کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے مسلمانوں اور مسیحیوں کو مخاطب کرکے کہا کہ جنگوں سے کچھ حاصل نہیں ہوتا، اگر جنگ سے کچھ حاصل ہوتا ہے تو وہ موت اور بدحالی ہے۔
متحدہ عرب امارات کے بانی شیخ زید بن سلطان النہیان کی یاد میں منعقدہ بین المذاہب ہم آہنگی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پوپ فرانسس نے کہا کہ جنگ سے کچھ حاصل ہوتا ہے تو وہ بدحالی ہے اور ہتھیاروں سے موت ملتی ہے ، یہ سب چیزیں ہم اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں، یمن ، شام ، عراق اور لیبیا کے حالات ہمارے سامنے ہیں۔پوپ فرانسس نے کہا کہ ہمیں ہتھیاروں کے ذریعے حاصل ہونے والی طاقت کی مخالفت کرنی ہوگی۔
یمن میں سعودی عرب حوثی باغیوں کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے جبکہ متحدہ عرب امارات اس کا اہم اتحادی ہے۔ پوپ نے اتوار کو ویٹی کن سے متحدہ عرب امارات کیلئے روانہ ہونے سے پہلے بھی یمن جنگ کی مذمت کی تھی۔
واضح رہے کہ پاپائے روم فرانسس اتوار کو تین روزہ دورے پر ابوظہبی پہنچے ہیں جہاں انہوں نے ملک کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کی ہیں۔ وہ کیتھولک مسیحیوں کے پہلے پوپ ہیں جنہوں نے جزیرہ نما عرب کا دورہ کیا ہے۔