وطن اور وردی سے محبت کی انوکھی مثال سندھ پولیس میں مسیحی آفیسر کی وصیت کے مطابق وردی میں تدفین کی گئی

کراچی (جاگ مسیحی نیوز  12 فروری2019ء) وطن اور وردی سے محبت کی انوکھی مثال، پاکستان اور وردی کی محبت سے سرشار پولیس کے اے ایس آئی کی پولیس یونیفارم میں تدفین کر دی گئی۔۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سندھ پولیس میں بطور اےا ایس آئی اپنے فرائض سر انجام دینے والے ذوالفقار مسیح گل نے اپنے انتقال سے پہلے وصیت کی تھی کہ انہیں کفن کی جگہ پولیس کی وردی میں دفنایا جائے۔

کورنگی تھانے میں تعینات اور چوکی انچارج کے امور انجام دینے والے ذوالفقارمسیح گل عارضہ قلب میں مبتلا تھے۔انہوں نے اپنے انتقال سے قبل اہل خانہ کو تحریری وصیت کی تھی۔کراچی آپریشن میں حصہ لینے والے اے ایس آئی کا تعلق مسیحی مذہب سے تھا۔ان کی تدفین  وصیت کے مطابق ذاتی مقام پر مسیحی مذہبی رسومات کے تحت کی گئیں۔

اہل خانہ کے مطابق ذوالفقار مسیح گل نے مرنے سے قبل اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ وہ پولیس وردی میں  ہی دنیا سے رخصت ہونا چاہتے ہیں۔ واضح رہے پاکستان بھر میں امن قائم کرنے اور عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پولیس اہلکار ہمہ وقت تیار رہتے ہیں اور ان میں سے بعض دورانِ ڈیوٹی دنیا فانی سے کوچ کر جاتے ہیں۔ 

لیکن انہی اہلکاروں کی بدولت ہی پاکستان میں امن ممکن ہوا ہے خاص طور پر اگر بات کریں کراچی کی تو وہاں بھی امن و امان کی صورتحال میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔کراچی کئی سال تک دہشت گردی سمیت کئی جرائم کی لپیٹ میں رہا تاہم سیکورٹی اداروں کی بدولت ایک بار پھر روشنیوں کے شہر کراچی کی رونقیں بحال ہو گئی ہیں۔

Comments
* The email will not be published on the website.
I BUILT MY SITE FOR FREE USING