فیصل آباد ؛قمر سہیل مسیح کو گیارہ ہزار وولٹ کرنٹ لگا کر قتل کردیا گیا
فیصل آباد : (جاگ مسیحی نیوز) الہی آباد کے علاقے میں جوان سال مسیحی نوجوان قمر سہیل 22/23 سال ۔ ٹھیکدار فیاض علی جٹ اور اسکے بھائی کی سازش کا شکار ہو کر موت کے منہ میں دھکیل دیا گیا۔ 29 اگست کی صبح مقتول کو گھر سے بلا کر گلشن رحمان لے جایا گیا اور 11 ہزار وولٹ بجلی کی تاروں کے عین نیچے گھر کی بیرونی دیوار پینٹ کرنے کے لئے مجبور کیا گیا اور باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا کہ دھوکہ دہی سے اسکو بتایا گیا کہ ان تاروں میں بجلی عارضی طور پر بند ہے۔
دو فٹ کے شیڈ پر چڑھا کر بغیر حفاظتی تدابیر کئے گھر کی چھت سے اسکو لوہے کی سات فٹ لمبی اور چار فٹ چوڑی سیڑھی تھما کر دھکیل دی گئی۔ قمر کا بازو سیڑھی میں پھنس گیا اور سیڑھی تاروں سے جا ٹکرائی جس میں شدید کرنٹ آ گیا اور مسیحی نوجوان ان ظالموں کی آنکھو ں کے سامنے تڑپ تڑپ کر جان کی بازی ہار گیا اسکو بچانے کی کوشش بھی نہ کی گئی اور اسکے جسم کو جل جل کر کوئلہ ہونے دیا گیا۔
مینارٹیز الائینس پاکستان نے اس واقعہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے ملاقات کی اور قانونی معاونت کی ذمہ داری میپ لائیر ونگ نے اٹھا لی۔
متعلقہ پولیس نے بھی سات آٹھ گھنٹے کی تاخیر سے قتل خطا زیر دفعہ 322 ت پ کا مقدمہ درج کر دیا جبکہ بھاری رشوت لیکر دفعہ 302 ت پ لگانے سے مجرمانہ غفلت برتی۔مقتول کے بھائی پولیس کے رویئے سے نالاں اور انکی یک طرفہ تفتیش سے مطمئن نہیں
اکمل بھٹی ایڈوکیٹ کو بتایا کہ انہیں قانونی چارہ جوئی کرنے پر قتل کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ذرائع بتاتے ہیں کے مقتول کا چار پانچ دفعہ ان ٹھیکیداروں سے جھگڑاا ہوا تھا کیونکہ وہ مقتول کی خوبصورتی اور اسے خوبصورت لباس پہننے سے جلتے تھے گزشتہ عید الفطر پر بھی ان کا آپس میں جھگڑا ہوا تھا۔